نوابشاہ ،ڈپٹی کمشنر کی جانب سے محرم الحرام کے دوران متوازن رپورٹنگ کے لیے میڈیا مینجمنٹ کمیٹی قائم

جمعرات 26 جون 2025 17:47

نوابشاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کی جانب سے محرم الحرام کے دوران متوازن رپورٹنگ کے لیے شہید بینظیر آباد میں میڈیا مینجمنٹ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ حکومت سندھ کی ہدایات پر ضلع میں محرم الحرام کے دوران بیلنس رپورٹنگ کے لیے ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہید بینظیر آباد حسان ظفر کی سربراہی میں میڈیا مینجمنٹ کمیٹی قائم کی گئی جس میں ڈائریکٹر انفارمیشن محمد موسیٰ گوندل،سائبر کرائم آفیسر ایف آئی اے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹلیجنس بیورو، پولیس، آئی ایس آئی اور اسپیشل برانچ پولیس کا نمائندہ کمیٹی کے رکن ہونگے۔

کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والے، مجالس اور جلوسوں کی درست، غیر جانبدارانہ اور شفاف رپورٹنگ کی جائے اور مجالس اور جلوسوں کے دوران ایسی کوئی بھی بات رپورٹ نہ کی جائے جس سے شرانگیزی یا نفرت انگیز پھیلنے کا خطرہ ہو ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کمیٹی محرم الحرام کے دوران میڈیا کے نمائندوں، ٹی وی چینلز اور اخباری نمائندوں سے قریبی رابطہ رکھے گی تاکہ محرم الحرام کے دوران اٹھائے جانے والے اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ کمیٹی نفرت انگیز مواد کی اشاعت اور تقسیم پر بھی کڑی نظر رکھے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیا کے نمائندوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران بیلنس رپورٹنگ کو یقینی بنائیں۔\378