منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے پاکستان کوسٹ گارڈز کے زیر اہتمام کیے گئے اقدامات

جمعرات 26 جون 2025 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء) ہر سال26 جو ن کو منشیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد اقوام عالم کو اسمگلنگ اور منشیات کے نقصانات سے آگاہی دلانا اور منشیات کو تلف کرنا ہے۔ بلا شبہ منشیات انسانی جانوں کے لئے زہر قاتل ہے۔ اسمگلنگ اور منشیات کا ناسور کس طرح ہماری قوم اور بین الاقوامی برادری کو نقصان پہنچارہا ہے، ہم سب اس سے آگاہ ہیں۔

لہذا ہم سب کو مل کر ان کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔ اس دن کی مناسبت سے پاکستان کوسٹ گارڈز نے اسکول اور کالج کے طلبا و طالبات کو بھی منشیات کے استعمال سے پہنچنے والے نقصانات سے آگاہی فراہم کی اور کراچی میں حسن شاہ مزار کے قریب ممنوعہ اسمگل اشیا اور منشیات کے جلانے کی تقریب کا اہتمام کیا۔

(جاری ہے)

اسکے علاوہ رواں سال 2025 میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے زیر اہتمام گوادر، اوتھل اور کراچی میں نذر آتش کی جانے والی اسمگل اشیا اور منشیات میں 10862 کلو گرام چرس،80کلو گرام کرسٹل، 1758کلو گرامہیروئن، 117کلوگرام ائس،150 کلوگرام بھنگ جبکہ2888 شراب کی بوتلیں اور2402 ٹن بیئرنذر آتش اورتلف کی گئیں جوکہ یقیناقابل ستائش ہے۔

نذر آتش کی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 329 ملین ڈالرکے لگ بھگ ہے۔واضح رہے پاکستا ن کوسٹ گارڈز ہر سال منشیات نذر آتش کرنے کا اہتمام کرتی ہے تاکہ معاشرے میں اس ناسور کے خلاف آگاہی کو اجاگر کر سکے اور اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ آئندہ بھی منشیات کی روک تھام کے لیے ہمہ تن مصر وف عمل رہے گی تاکہ وطن عزیز کو منشیات اور ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کے نقصانات سے محفوظ رکھا جاسکے۔