راجووال، سیکرٹری ہیلتھ کی ہسپتال انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر سخت برہمی

بہترین طبی سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ کی اولین ترجیح،سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن نادیہ ثاقب

جمعرات 26 جون 2025 19:21

راجووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پنجاب نادیہ ثاقب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی ادویات کی خریداری اور ترسیل کو شفاف اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی بنیادوں پر اصلاحات کے ذریعے سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنائی جائے گی جبکہ مختلف شعبہ جات میں تبدیلیوں سے پبلک سروس ڈلیوری میں واضح بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں سے فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔

سیکرٹری نادیہ ثاقب نے پبلک سروس ڈلیوری اور ہسپتال کی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بہتری کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر کے مریم نواز ہیلتھ کلینکس میں بھی طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا ہے اور ایمرجنسی سروسز کو رورل ہیلتھ سینٹرز تک توسیع دینے کا عمل جاری ہے۔ بعد ازاں نادیہ ثاقب نے ضلع بھر کے سرکاری اسپتالوں اور مراکز صحت میں طبی خدمات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔