اسلام آ باد،حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد

جمعرات 26 جون 2025 22:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ’’ تشدد کے متاثرین کی حمایت ‘‘ کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آ باد میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت سینر رہنما محمد فاروق رحمانی نے کی۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سمینار میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی جبر، عقوبت خانوں میں کشمیری اسیران کیساتھ روا رکھنے جانے والے غیر انسانی سلوک، خاص طور پر سینئر حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

سیمینار کے مقررین نے کہا کہ حریت رہنمائوں ، کارکنوں ، خواتین ، بچوں اور نوجوانوں سمیت کشمیری بدترین بھارتی تشددکا شکار ہیں۔انہوںنے کہا کہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوںکو جیلوں میں سخت جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے حریت رہنمائوں ، کارکنوں سمیت جیلوں اورتعذیب خانوں میں قید ان ہزاروںکشمیریوں کے عزم وہمت کو سلام پیش کیا جنہیں تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے اور بدترین اذیتوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکثر نظر بند مختلف مہلک بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں ، انہیں مناسب طبی سہولیات کی عدم فراہمی انہیں آہستہ آہستہ موت کے منہ میں دھکیلنے کی ایک مذموم سازش کا حصہ ہے۔مقررین نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی شدید علالت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نظر بند رہنما اب تک اپنی زندگی کے 38 سال بھارتی جیلوں میں گزار چکے ہیں اور انہیں عالمی سطح پر’’ضمیر کا قیدی" کے خطاب سے نواز ا گیا ہے۔

مقررین نے کہا کہ شبیر احمد شاہ پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا ہیں لیکن انہیں علاج معالجہ فراہم نہیں کیا جارہا ہے جو انتہائی قابل افسوس ہے۔مقررین نے اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف جاری سنگین بھارتی جرائم کا نوٹس لیں۔

سیمینار میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری بھارتی ریاستی جبر کے سامنے ہرگز سرنگوں نہیں ہونگے اور اپنی پرامن سیاسی جدوجہد کو شہداء کے مشن کی تکمیل تک جاری رکھیں گے۔سمینار میں ریٹائرڈ جنرل زاہد محمود ، ریٹائرڈ جنرل فرخ بشیر ، ڈاکٹر خالد آفتاب سلہری،جرنلسٹ عابد عباسی ، ایڈوکیٹ پلواشہ ایاز، غلام نبی بٹ ، راجہ پرویز ، ایڈوکیٹ پرویز احمد ،محمود احمد ساغر،سید یوسف نسیم ، محمد حسین خطیب,داؤد خان، شیخ عبدالمتین ،راجہ شاہین،حسن البنا،سید اعجاز رحمانی ،شیخ یعقوب ، حاجی محمد سلطان ، جاوید اقبال، امتیاز وانی،زاہد صفی،ذاہد اشرف،محمد شفیع ڈار,میاں مظفر ،زاہد مجتبیٰ ، چوہدری شاہین، شیخ عبدالماجد ، محمد اشرف ڈار ، نذیر کرناہی ،عبدالمجید لون،عدیل مشتاق ،منظور ڈار،سید گلشن،عبدالحمید لون، عبد المجید میر ، منظور احمد شاہ،قاصی عمران ،امتیاز بٹ، عبد الرشید بٹ ،ریئس میر اور مشتاق احمد بٹ نے شرکت کی۔