کوئٹہ کی بڑھتی ہوئی آبادی اور تجارتی سرگرمیوں کے پھیلا کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر میں فائر بریگیڈ اسٹیشنز کی تعداد میں فوری اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے

جمعرات 26 جون 2025 22:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2025ء) جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما رکن مرکزی مجلس شوری مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا کہ کوئٹہ کی بڑھتی ہوئی آبادی اور تجارتی سرگرمیوں کے پھیلا کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر میں فائر بریگیڈ اسٹیشنز کی تعداد میں فوری اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ موجودہ وسائل انتہائی ناکافی ہیں، جس کے باعث معمولی آگ بھی بڑے سانحے میں تبدیل ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے موجودہ فائر فائٹنگ وسائل نہ صرف انتہائی ناکافی ہیں بلکہ اکثر غیر فعال اور ناکارہ بھی ہیں جس کے باعث آگ پر قابو پانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے بیان میں سبزل روڈ کوئٹہ میں واقع مقامی فرنیچر گودام میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعہ پر شدید دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے، جس کے نتیجے میں گودام مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا اور اندازا ڈیڑھ کروڑ روپے کا بھاری مالی نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت بلوچستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ آتشزدگی کے اس واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں، متاثرہ کاروباری شخص کی مالی امداد کی جائے اور فائر بریگیڈ سروس کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے نقصانات سے بچا جا سکے۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل قبول ہے۔