پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فانڈیشن نے اپنے ہائوسنگ پروجیکٹ ، پشاور ریزیڈینشیا میں اراضی کے تنازعات کو حل کرلیا

جمعرات 26 جون 2025 19:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فانڈیشن نیخیبر پختونخوا حکومت کے اشتراک سے پشاور شہر میں طویل عرصے سے التوا کا شکار اپنے رہائشی منصوبے کے اراضی کے تمام تنازعات کو قانونی طور پر حل کرلیا۔اس پیشرفت کے بعد 885رہائشی یونٹس کی تعمیر کیلئے ٹینڈرز اخبارات میں شائع کر دیئے گئے ہیں جبکہ بولیوں کی سکروٹنی کے بعد445 تعمیراتی رہائشی یونٹس کا کام ایوارڈ کر دیا گیا ہے، صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں تمام متاثرین کے مسائل کو قانون کے مطابق حل کیا ہے جسکے بعد تعمیراتی سرگرمیاں زور وشور سے جاری ہیں اور جلد الاٹیز کو اقساط کا شیڈول جاری کر دیا جائیگا ۔

پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فانڈیشن نے صوبائی حکومت (کے پی کی)کو خط لکھ کر پی ایچ اے رہائشی منصوبہ پشاور کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے 24 گھنٹے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی درخواست کی ہے،منصوبے کی حفاظت کیلئے عارضی پولیس چیک پوسٹ قائم کی جاچکی ہے جبکہ مستقل بنیادوں پر پولیس اسٹیشن کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے،یہ منصوبہ 8500کنال رقبے پر محیط ہے جس میں زمینی تنازعات کی وجہ سے تاخیر کا سامنا تھا اب یہ تمام مسائل قانونی طور پر حل ہوچکے ہیں اور منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے کام تیز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق منصوبے کے روڈ انفراسٹرکچر کا کام آخری مراحل میں ہے جبکہ ماڈل ہاسز کی تعمیر کیلئے ٹینڈرز کا عمل بھی جلد مکمل کرلیا جائے گا۔واضح رہے خیبر پختونخوا حکومت اور پاکستان ہاسنگ اتھارٹی کا مشترکہ موقف ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہر کی رہائشی ضروریات پوری کرے گا بلکہ علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا۔

دونوں ادارے منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔مزید برآں رواں ہفتے کے پی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ میں اس بات کا فیصلہ ہوا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ کچھ مستقل اہلکاروں کی آن سائٹ تعیناتی عمل میں لائی جائے تاکہ کام میں مصروف عملہ اور انجینئرز و ماہرین کی کل وقتی سیکیورٹی کو ممکن بنایا جاسکے۔