''ڈرگ فری پنجاب'' کا مشن پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم دہراتے ہیں، ، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور

جمعرات 26 جون 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ''ڈرگ فری پنجاب'' کا مشن پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم دہراتے ہیں، منشیات کی لعنت کے جڑ سے خاتمے اور نوجوان نسل کو جان لیوا خطرات سے بچانے کی تجدید عہد کا دن ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ رواں سال صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 52ہزار 400 سے زائد چھاپے مارے گئے اوراس کاروبار میں ملوث 24 ہزار ملزمان گرفتار کر کے 23 ہزار 800 سے زائد مقدمات درج کئے گئے۔منشیات فروشوں کے قبضہ سے 14325 کلوگرام سے زائد چرس، 1210 کلوگرام ہیروئن، 443 کلو گرام آئس،2034 کلو افیون اور 3 لاکھ 98 ہزار 500 لٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس منشیات کی خرید و فروخت اور ٹریفکنگ کے خلاف آپریشنز میں تیزی لائی ہے،سپلائی چین، آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ڈیلرز اور سمگلرز کو قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے۔اسی طرح تعلیمی اداروں، ہاسٹلز اور ہاٹ سپاٹ ایریاز کے گردونواح میں منشیات فروشی کا جڑ سے خاتمہ کیا جا رہا ہے،بین اضلاعی اور بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگرمچھوں کے خلاف بھی گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ والدین اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں، پارٹی کلچر سے دور اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کریں، نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اقدامات کر رہے ہیں،ڈرگز سپلائی لائن کاٹنے کے لئے اینٹی نارکوٹکس فورس کے اشتراک سے انٹیلی جنس بیسڈ کاروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ منشیات کا شکار افراد کی بحالی کے لئے پورے معاشرے کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔