Live Updates

پنجاب اسمبلی کا ارکان کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

جمعرات 26 جون 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ارکان کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا گیا۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق ارکان اسمبلی اجلاس کے دوران کتاب یا اخبار نہیں پڑھ سکیں گے،نہ ہی ایوان میں لا سکتے ہیں، بولتے ہوئے رکن کے اور چیئر کے درمیان سے گزرنے پر پابندی ہوگی، تقریر کے دوران شور شرابہ اور مداخلت سختی سے منع کردیا گیا، ہر رکن کو اپنی مقررہ نشست پر بیٹھ کر چیئر سے مخاطب ہونا ہوگا، اسمبلی میں نعرے بازی، پلے کارڈز اور دستاویزات پھاڑنے پر پابندی پر بھی پابندی لگا دی گئی،اسپیکر کے ڈائس کی طرف دھمکی آمیز انداز میں بڑھنا ممنوع قراردیدیا گیا، سپیکر رولنگ کے مطابق موبائل یا الیکٹرانک ڈیوائس کا استعمال نظم و ضبط کے خلاف تصور ہوگا، گیلری میں بیٹھے افراد سے بات چیت یا ان کا حوالہ دینا بھی ممنوع قراردیا گیا ہے،اجلاس کی کارروائی کے دوران غیر ملکی وفد کے علاوہ کسی اجنبی کے داخلے پر تالیاں بجانا ممنوع ہوگا، اسمبلی کا تقدس پامال کرنے یا بے نظمی پھیلانے پر کارروائی ہو سکتی ہے،ایوان میں کھانے، پینے، چبانے یا سگریٹ نوشی کی اجازت نہیں ہوگی، کسی فرنیچر یا الیکٹرانک آلے کو نقصان پہنچانا سخت منع ہے،اسپیکر کی اجازت کے بغیر ایوان میں لاٹھی یا چھڑی لانا ممنوع ہوگا۔

(جاری ہے)

16جون کو اسمبلی میں ہونے والے شور شرابے کے معاملے پر سپیکر نے بجٹ سیشن کیلئے اپوزیشن رکن حسن ملک کی معطلی پر رولنگ پڑھ کر سنا دی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا 16جون کو اپوزیشن ممبران نے بجٹ تقریر کو روکنے کی کوشش کی، اپوزیشن رکن حسن ملک نے بجٹ کتاب وزیر خزانہ کو ماری، وڈیو دیکھی تو معلوم ہوا یہ کوشش انہوں نے بار بار کی،جس کے باعث وزیر خزانہ کو تقریر روکنا پڑی، احتجاج آئینی حق ہے مگر ایوان پر قبضہ نہیں ہونے دوں گا، طاقت رکھتا ہوں غلط کنڈکٹ پر رکنیت معطل کر سکوں، ہائوس کی کارروائی روکنے کی کوشش کی تو یہ نہیں ہونے دوں گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات