پہلگام حملے کے بعد امرناتھ یاترا کیلئے آنے والے یاتریوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے،ایل جی منوج سنہا

جمعہ 27 جون 2025 01:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مودی حکومت کے تعینات کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اعتراف کیا ہے کہ پہلگام حملے کے بعد امرناتھ یاتراکیلئے رجسٹریشن کرانے والے ہندو یاتریوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے ،جس سے مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال میں بہتری کے بھارتی حکومت کے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منوج سنہا نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا گزشتہ برس 5لاکھ 12ہزار یاتریوں کے مقابلے میں رواں سال اب تک صرف 85ہزار ہندو یاتریوں نے امرناتھ غار کی یاترا کیلئے مقبوضہ کشمیر آنے کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ 22اپریل کو پہلگام واقعے سے قبل 2لاکھ36ہزار800سے زائد یاتریوں نے رجسٹریشن کرائی تھی تاہم اب صرف 85ہزار ہی مقبوضہ کشمیر آناچاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہانے جو ہندو امرناتھ شرائن بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں ،یہ بھی اعتراف کیاکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر امرناتھ غار تک ہیلی کاپٹر سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ تمام یاتری کیلئے سیکورٹی قافلے کے ساتھ سفرلازمی قراردیاگیاہے ،جویاتری اپنی گاڑیوں کے ذریعے از خود یاترا کے لیے آ رہے ہیں ۔انہیں بھی سکیورٹی قافلے کے ساتھ ہی سفر کرنا پڑے گا۔