Live Updates

امریکا میں 50 سال بعد سزائے موت پر عملدرآمد، مجرم کو زہر کا انجکشن لگایا گیا

جمعہ 27 جون 2025 14:10

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) امریکا کی ریاست مسیسیپی میں تقریباً 50 سال بعد موت کی سزا پر عمل درآمد کرتے ہوئے 79 سالہ مجرم کو زہریلا انجکشن لگا دیا گیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق رچرڈ جیرالڈ جارڈن نے 1976 میں اغوا برائے تاوان کی غرض سے ایک گھریلو خاتون ایڈوینا مارٹر جو ایک بینکر کی اہلیہ تھیں کو اغوا کر کے قتل کر دیا تھا۔

79 سال کے رچرڈ جیرالڈ جارڈن نے امریکہ کی جانب سے ویت نام کی جنگ میں حصہ لیا تھا۔ وہ ایک ذہنی بیماری ’پوسٹ ٹرومیٹک سٹریس ڈِس آرڈر‘ میں مبتلا تھے۔انہیں بدھ کو مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 16 منٹ پر مہلک (زہریلا) انجکشن لگایا گیا جس سے اُن کی موت واقع ہو گئی۔وہ مسیسیپی میں سب سے زیادہ عرصے تک موت کی سزا کے منتظر قیدی تھے اور انہوں نے انجکشن کے ذریعے سزائے موت دینے کے طریقہ کار (تھری ڈرگ ایگزیکیوشن پروٹوکول) کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے ریاست کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہیں جب حتمی بیان دینے کا موقع فراہم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں متاثرہ خاندان سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔جارڈن کی اہلیہ مارشا اور اُن کی وکیل کرسی نوبیل بھی اُنہیں موت کی سزا دینے کے موقعے پر موجود تھیں، تاہم مقتولہ ایڈوینا مارٹر کے شوہر چارلس اور اُن کے دو بیٹے موجود نہیں تھے۔واضح رہے کہ گذشتہ 10 برسوں کے دوران امریکی ریاست مسیسیپی میں دی جانے والی یہ تیسری سزائے موت ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات