Live Updates

مظفرآباد کے لیے ایک بھی کسی نئے یا جاریہ منصوبہ جات کے فنڈز مختص نہ کرعوام کو مایوس کیاگیا،اپوزیشن لیڈر

مجھے امید تھی دارالحکومت کے ان منصوبہ جات کے لیے ہمارے ڈویژن کی12 حکومتی اراکین اسمبلی ضرور آواز بلند کریں گے،خواجہ فاروق احمد

جمعہ 27 جون 2025 14:35

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر ایم ایل اے حلقہ تین سٹی مظفرآباد خواجہ فاروق احمد نے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی بجٹ کے موقع پر اپنی اختتامی تقریر میں دارالحکومت مظفرآباد کے لیے ایک بھی کسی نئے یا جاریہ منصوبہ جات کے فنڈز مختص کرنے کا اعلان نہ کر کے دارالحکومت کے عوام کو بے حد مایوس کیا ہے۔

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ میں نے بطور ایم ایل اے سٹی مظفرآباد حلقہ تین کے 13 منصوبہ جات کی نشاندہی کی تھی اور اس حوالے سے مظفرآبادڈویژن کے 12 وزرائ/اراکین اسمبلی جن سب کا تعلق حکومت سے ہے سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ دارالحکومت جہاں وہ خود بھی مستقل رہائش پذیر ہیں کے لیے وزیراعظم سے ان منصوبہ جات کی منظور لیں،لیکن مجھے افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ حکومت نے ان میں سے ایک بھی منصوبہ منظور نہ کر کے نجانے دارالحکومت کے عوام سے کس بات کی سزادی ہے۔

(جاری ہے)

مجھے امید تھی کہ دارالحکومت کے ان منصوبہ جات کے لیے ہمارے ڈویژن 12 حکومتی اراکین اسمبلی ضرور آواز بلند کریں گے اور وزیراعظم کے ڈیڑھ گھنٹے کے خطاب میں دارالحکومت کے لیے بھی 5 سے 10 منٹ لے لیں گے جس میں وہ مظفرآباد کے ان منصوبہ جات کے لیے بھی کچھ فرمادیں گے۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ زلزلہ کے بعد مظفرآباد شہر پر آباد کا دبائو بہت زیادہ بڑھ چکا ہے،مہاجرین 1989ء کی بھی ایک بڑی تعداد دارالحکومت میں ہی رہائش پذیر ہے لیکن ہم سب کو وزیراعظم ان کے 12 وزاء جن کا تعلق مظفرآباد ڈویژن سے ہے بہت مایوس کیا ہے،ان سب نے اگر دارالحکومت کو اپنا سمجھا ہوتا تو 49 ارب کے ترقیاتی بجٹ سے مظفرآبا دکو بھی کچھ دلادیا ہوتا یہ سلوک مظفرآباد شہر کے عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات