سپیکرسندھ اسمبلی سید اویس قادرشاہ نے سندھ اسمبلی میں نادرا رجسٹریشن سینٹرکا افتتاح کردیا

جمعہ 27 جون 2025 19:47

سپیکرسندھ اسمبلی سید اویس قادرشاہ نے سندھ اسمبلی میں نادرا  رجسٹریشن ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے جمعہ کو سندھ اسمبلی کے احاطے میں قائم کیے گئے نئے نادرا رجسٹریشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب ربن کاٹنے سے شروع ہوئی جہاں ڈائریکٹر جنرل نادرا کراچی، احتشام شاہد نے اسپیکر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔اس موقع پر اسپیکر کے ہمراہ سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل میڈیا/فوکل پرسن نادرا، عرفان احمد میمن بھی موجود تھے۔

یہ نادرا رجسٹریشن سینٹر اراکین سندھ اسمبلی اور سیکریٹریٹ کے عملے کے لیے ایک ہی چھت کے نیچے شناخت اور رجسٹریشن سے متعلق سہولیات فراہم کرنے والا ایک مکمل سہولت مرکز ہے۔سینٹر میں فراہم کی جانے والی خدمات میں شناختی کارڈ (CNIC) کا اجرا، تجدید، ڈپلیکیٹ، ترمیم، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC)، اور نائیکوپ (NICOP) کی سہولیات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ میں نادرا کی ٹیم کو اس بروقت اور ضروری اقدام پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ یہ سینٹر قانون سازوں اور اسمبلی سیکریٹریٹ دونوں کے لیے سہولت کا باعث بنے گا اور اہم خدمات کو مزید قابل رسائی اور موثر بنائے گا۔ تقریب کے دوران اسپیکر سید اویس قادر شاہ نے بطور علامتی قدم پہلا سروس ٹوکن بھی جاری کیا۔ڈائریکٹر جنرل نادرا، احتشام شاہد نے اسپیکر سندھ اسمبلی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس مرکز کے قیام میں تعاون اور سرپرستی فراہم کی۔نادرا رجسٹریشن سینٹر کا قیام ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوامی نمائندوں کے لیے خدمات کی فراہمی میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

متعلقہ عنوان :