گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 17 ملی میٹر بارش ہوئی

جمعہ 27 جون 2025 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)کراچی میں جمعہ کو بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی اور تیز بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 17 ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق شاہراہ فیصل میں 12 ملی میٹر، اولڈ سٹی ایریا میں 9 ملی میٹر، ڈیفنس فیز 2 میں 7.8 ملی میٹر، ائیرپورٹ میں 5 ملی میٹر اور یونیورسٹی روڈ میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا پہلا اسپیل 2 جولائی تک جاری رہے گا جبکہ دوسرا اسپیل 5 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

شہر قائد میں گزشتہ رات مون سون کی پہلی بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا، وہیں کے الیکٹرک کا نظام روایتی طور پر ایک بار پھر ناکام دکھائی دیا۔بارش کے فورا بعد ہی کراچی کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، کے الیکٹرک کا نظام کئی علاقوں میں بیٹھ گیا اور گھنٹوں گزرنے کے باوجود بحالی کا کام مکمل نہ ہو سکا۔شہریوں نے شکایت کی کہ بارش کے ساتھ ہی متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بعض علاقوں میں رات بھر بجلی نہیں آئی۔