دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کا افسوسناک واقعہ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر کا متاثرہ علاقوں کا دورہ

جمعہ 27 جون 2025 22:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے ڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کے ہمراہ دریائے سوات میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور دریائے سوات میں اچانک طغیانی اور پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ کر ڈوب جانے والے سیاحوں کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

انہوں ڈپٹی کمشنر سوات کو واقعے کی فوری محکمانہ انکوائری کی ہدایت جاری کی۔ کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر کسی بھی ادارے کی جانب سے غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پہلے سے ہی ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے دریائے سوات میں نہانے، تیراکی اور کشتی رانی پر دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت پابندی عائد کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں دریائے سوات میں نہانے پر 48 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، جن میں سے 9 کو جیل بھیجا گیا جبکہ کشتی رانی پر 23 ایف آئی آرز کے ساتھ 4 افراد کو جیل بھیجا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بارہا عوام کو آگاہی پیغامات بھی جاری کیے گئے کہ وہ خطرناک مقامات پر جانے سے گریز کریں، مگر اس کے باوجود بعض افراد نے ہدایات کو نظر انداز کیا، جو ایسے افسوسناک واقعات کا باعث بن سکتے ہیں۔

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز، اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہ کر امدادی سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کریں۔انہوں نے پولیس، ریسکیو 1122، ٹی ایم ایز، محکمہ ایریگیشن، ڈبلیو ایس ایس سی اور دیگر اداروں کو الرٹ رہنے اور تمام دستیاب وسائل کے ساتھ فوری ریسکیو و ریلیف کارروائیاں یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔