محنت کشوں کیلئے کراچی میں کینسر اسپتال قائم کیا جائے گا، صوبائی وزیر محنت

ہفتہ 28 جون 2025 16:47

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) صوبائی وزیر برائے محنت و افرادی قوت شاہد عبدالسلام تھیہم نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں محنت کشوں کے لیے چلنے والے اسپتالوں کی بہتری کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں، سکھر کی اسپتال کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جبکہ کراچی میں محنت کشوں کے لیے جدید کینسر اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوآدم میں سوشل سکیورٹی ڈسپنسری کی مرمت کے بعد عمارت کے افتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش ہمارے اپنے بچے ہیں، ان کے مسائل حل کرنا اور انہیں صحت و تعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محنت کشوں کے لیے 100 کوارٹرز کی تعمیر کا منصوبہ جلد ٹنڈوآدم میں شروع کیا جا رہا ہے، جنہیں مکمل ہونے کے بعد مقامی مزدوروں کے حوالے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شاہد عبدالسلام تھیہم نے مزید کہا کہ محکمہ محنت کے زیرِ انتظام فلیٹس، پلاٹس اور کوارٹرز پر کیے گئے ناجائز قبضے ختم کرائے جا رہے ہیں۔ حیدرآباد سائٹ ایریا میں 2022 کے سیلاب کے دوران جن گھروں پر قبضہ کیا گیا تھا، ان کو واگزار کرانے کے لیے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹنڈوآدم کی سوشل سکیورٹی ڈسپنسری کی زبوں حال عمارت پر 45 لاکھ روپے کی لاگت سے مرمت کا کام مکمل کیا گیا ہے جو اب ایک جدید اور کارآمد طبی مرکز میں تبدیل ہو چکی ہے۔

محنت کشوں کے لیے اہم اسپتال "ولیکا بائی" کی مرمت کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا جبکہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مزدوروں کے بچوں کو بہتر تعلیم و سہولیات میسر آ سکیں۔ قبل ازیں صوبائی وزیر نے اسپتال کا افتتاح کیا اور ملکی ترقی و مزدوروں کی بھلائی کے لیے دعا بھی کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما شیر محمد ڈیرو، رئیس شکیل احمد مری، جاوید شورو، کمشنر سیسی اور دیگر معززین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔