نظامِ مصطفیؐ کا نفاذ ملکی سلامتی و فلاح کا ضامن ہے ، پیر ارشد کاظمی

ہفتہ 28 جون 2025 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)تحریک اہلِ سنت پاکستان کے مرکزی رہنما و چیئرمین رابطہ کمیٹی پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا ہے کہ اس ملک کی فلاح، ترقی اور استحکام صرف اور صرف نظامِ مصطفیؐ کے عملی نفاذ میں پوشیدہ ہے۔ وہ صوبائی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں رابطہ کمیٹی کے وائس چیئرمین شکیل احمدقادری، سید شہاب الدین عطاری، رئیس قادری سمیت علامہ سید جہاں زیب سبزواری، علامہ محمدعمران خان امجدی،محمدرضوان عطاری، صوفی جمال الدین قادری، صوفی ریحان میانورقادری،سید مسرورعالم قادری، شہبازعلی قادری،رضااحمدصدیقی، زاہد علی قادری اور دیگر ذمہ داران شریک تھے۔

اجلاس میں تحریک اہلسنّت یوتھ ونگ کراچی کے صدر سید عبدالرحیم شاہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پیر سید ارشدعلی کاظمی القادری نے کہا کہ سیدنا فاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ نے اپنی خلافت کے دوران عدل، مساوات، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جو بے مثال اصول قائم کیے، وہ آج بھی ہر حکمران کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر آج کے مسلم حکمران فاروقی طرزِ حکمرانی کو اپنالیں تو نہ صرف امتِ مسلمہ کی حالت سنور سکتی ہے بلکہ دنیا میں عدل و امن کا قیام بھی ممکن ہے۔

موجودہ وقت کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ ہم نے اسلامی تعلیمات کو صرف خطبات اور تقریروں تک محدود کر دیا ہے، جب کہ ان پر عملدرآمد کرنے کا جذبہ کمزور پڑ چکا ہے۔پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے زور دیا کہ تعلیماتِ قرآن و سنت کی روشنی میں ریاستی ڈھانچے کو استوار کیا جائے۔عدل، امانت اور عوامی خدمت پر مبنی اسلامی طرزِ حکمرانی کو رائج کیا جائے۔

نوجوان نسل کو سیرتِ نبویؐ اور خلفائے راشدین کے سنہری ادوار سے روشناس کرایا جائے۔مدارس، مساجد، اور خانقاہی نظام کو معاشرتی اصلاح کا مؤثر ذریعہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک اہلِ سنت پاکستان کا مقصد ملک میں ایک پرامن، عدل پر مبنی، اور شریعتِ محمدیؐ کے مطابق معاشرہ قائم کرنا ہے اور اس مشن کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔