نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال لاہور میں یکم جولائی سے شام کی شفٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر وقاص

ہفتہ 28 جون 2025 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2025ء) پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی نے محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے ایک تاریخ ساز اقدام اٹھایا ہے۔ نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال لاہور میں یکم جولائی سے شام کی شفٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا آغاز وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کیا جا رہا ہے تاکہ محنت کشوں کو ان کے ڈیوٹی اوقات کے بعد بھی معیاری علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وقاص رشید اور میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حمیرا بزدار نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں شام کی او پی ڈی میں میڈیسن، سرجری، گائنی، اور ریڈیالوجی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈینٹل اور فزیو تھراپی کی سہولیات بھی شام کے وقت مہیا کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

شام کی شفٹ کا دائرہ کار پہلے مرحلے میں لاہور، شاہدرہ، اسلام آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد کے سوشل سکیورٹی ہسپتالوں تک پھیلایا گیا ہے۔

ان ہسپتالوں میں شام کے اوقات میں بھی سینئر کنسلٹنٹس اور ماہر ڈاکٹرز موجود ہوں گے تاکہ محنت کش اور ان کے اہل خانہ با آسانی اپنا علاج کروا سکیں۔ یہ سہولت اس لیے اہم ہے کہ محنت کشوں کو دن کے وقت کام سے چھٹی لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ان کا روزگار متاثر نہیں ہوگا اور آجرین کو بھی عملے کی غیر حاضری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر اور کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی نے ہسپتال انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور اسے محنت کشوں کی فلاح کی طرف اہم پیش رفت قرار دیا۔

میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حمیرا بزدار نے کہا کہ شام کی شفٹ کا آغاز محنت کشوں کی صحت، وقت اور روزگار کے تحفظ کی جانب ایک بڑا قدم 5718ہے۔میڈیا بریفنگ میں ادارے کے جاری اور مکمل منصوبہ جات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیڈ کوارٹر اظہر حسین منہاس و دیگر اعلی افسران اور ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی۔