بی آر ایس پی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل MSME ڈے کا شاندار انعقاد، مقامی کاروباریوں کی حوصلہ افزائی

ہفتہ 28 جون 2025 18:10

۳خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جون2025ء) بی آر ایس پی کے زیر اہتمام انٹرنیشنل MSME ڈے کا شاندار انعقاد، مقامی کاروباریوں کی حوصلہ افزائی۔ بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام بی آر ایس پی کے زیر اہتمام خضدار میں بین الاقوامی مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (MSME) کا دن بھرپور انداز میں منایا گیا۔ یہ تقریب یورپی یونین کے مالی تعاون سے جاری GRASP منصوبے کے تحت منعقد ہوئی، جسے بین الاقوامی تجارتی مرکز (ITC)، SMEDA، FAO، اور پاکستان غربت مکا فنڈ (PPAF) کے اشتراک سے چلایا جا رہا ہے۔

تقریب میں BRSP کے ضلعی کوآرڈینیٹر سیف اللہ شاہوانی نے MSME ڈے کی اہمیت اور GRASP منصوبے کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور شرکا کو اس کے فوائد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار نہ صرف معاشی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ مقامی روزگار کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

پروگرام کی مہمانِ خصوصی ویمن بازار خضدار کی منیجر میڈم روبینہ کریم نے خواتین کو درپیش کاروباری مواقع اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی۔

محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالقیوم زہری نے زراعت اور تجارت کے باہمی ربط پر روشنی ڈالی۔ دیگر مقررین میں BRSP کے سینئر پروگرام کوآرڈینیٹر زبیر احمد، پروجیکٹ آفیسر نصیر احمد ساسولی، LSO نیٹ ورک خضدار کے ڈاکٹر محمد یوسف موسیانی، زمیندار ایکشن کمیٹی کے نوردین پندرانی، گرین باغبانہ ایگری فارم کی اونر سعیدہ خاتون اور گرین جھالاوان کے اونر جمیل احمد شامل تھے۔

تقریب کا مقصد مقامی کاروباروں کی ترقی، نوجوانوں و خواتین کی معاشی شمولیت، اور سرکاری و نجی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔پروگرام کے دوران گرین جھالاوان ایگری فارم، گرین باغبانہ ایگری فارم اور ویمن بازار کی صبعہ بی بی نے اپنے تیار کردہ مقامی زرعی و دستکاری پروڈکٹس کے اسٹالز بھی لگائے، جنہیں شرکا نے بے حد سراہا اور خریداری بھی کی۔

خاص طور پر زیتون سے بنے خضدار کے مقامی پروڈکٹس کو بڑی کامیابی قرار دیا گیا، جنہیں خالص اور معیاری تصور کرتے ہوئے مقامی سطح پر ایک نئی معاشی راہ کا آغاز کہا گیا۔اختتام پر شرکا نے BRSP اور GRASP منصوبے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خضدار جیسے علاقوں میں خوشحالی اور خود انحصاری کے نئے دور کا آغاز ہے جو کہ خوش آئندہ عمل ہے ۔