نارتھ کراچی میں عوام پانی بندش کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

سڑک بلاک کرکے انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی، ٹریفک کی روانی متاثر

ہفتہ 28 جون 2025 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)نارتھ کراچی کے علاقے بارہ دری اور الیون بی میں پانی کی شدید قلت کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا۔ مظاہرین نے سڑک کے دونوں اطراف کو بلاک کر دیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔شہریوں نے کہاکہ انہیں گزشتہ 3 ماہ سے پانی کی بندش کا سامنا ہے، اور صرف ماہ میں ایک بار پانی فراہم کیا جاتا ہے جو کہ ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے کہاکہ ٹینکر مافیا نے اس صورتِ حال کا فائدہ اٹھا کر نرخ بڑھا دیے ہیں اور متعلقہ حکام کو بارہا درخواستیں دینے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔احتجاج کے دوران شہریوں نے ایک واٹر ٹینکر کو سڑک پر روک کر احتجاجا اس کا والو کھول دیا اور بلدیاتی اداروں اور ٹینکر مافیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر علاقے میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔