کوئٹہ کے مختلف علاقے سیلابی ریلوں کے خطرے سے دوچار ،حکومتی بے حسی ،عدم توجہی بدستور جاری ہے ،مولانا عبد الرحمن رفیق

ہفتہ 28 جون 2025 21:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء رکن مرکزی مجلس شوریٰ مولانا عبد الرحمن رفیق نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے مختلف علاقے ایک بار پھر شدید سیلابی ریلوں کے خطرے سے دوچار ہیں، لیکن حکومتی بے حسی اور عدم توجہی بدستور جاری ہے۔ ماضی میں ہنہ اوڑک، سریاب، چشمہ اور دیگر علاقوں میں سیلاب سے تباہ ہونے والے ہزاروں متاثرین کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا، اور ان کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن کی گئی۔

(جاری ہے)

آج بھی متاثرہ خاندان ریلیف اور بحالی کے منتظر ہیں لیکن ان کی داد رسی کرنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا صوبائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ فوری طور پر ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کرے، ماضی کے متاثرین کو ریلیف فراہم کیا جائے اور کرپشن میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ نے ماضی میں ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی وکر اپنی مدد آپ کے تحت عوام اور غریبوں کے ساتھ تعاون کیا۔