ْمحترمہ ریحانہ خان کا حریت رہنما شبیر شاہ کی صحت پر اظہار تشویش، علاج کی فراہمی کا مطالبہ

اتوار 29 جون 2025 14:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)چیئرپرسن ویمن کمیشن آزادکشمیر محترمہ ریحانہ خان نے بھارتی جیل میں قید کشمیری حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری اور مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔اپنے ایک بیان میں محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ شبیر شاہ گزشتہ کئی برسوں سے غیر قانونی حراست میں ہیں اور بھارت کی جابرانہ پالیسیوں کے باعث انہیں بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔

بھارتی حکومت جان بوجھ کر کشمیری قائدین کو جسمانی اور ذہنی اذیت کا نشانہ بنا رہی ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی رہنما کو علاج جیسی بنیادی سہولت سے محروم رکھنا سراسر غیر انسانی فعل ہے۔

(جاری ہے)

شبیر شاہ نہ صرف کشمیری عوام کے دلوں کی آواز ہیں بلکہ وہ پرامن جدوجہد آزادی کے ترجمان بھی ہیں۔ ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔

چیئرپرسن ویمن کمیشن نے اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور OIC سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ شبیر شاہ کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے اور ان کی رہائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے قائدین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، اور پوری قوم شبیر شاہ سمیت تمام اسیرانِ حریت کے ساتھ ہے۔