کمالیہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا

اتوار 29 جون 2025 16:20

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)کمالیہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں شدید اضافہ کر دیا ہے ۔ روزانہ کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش نے نہ صرف گھریلو زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں بجلی کی بار بار بندش نے ان کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، جبکہ واپڈا حکام کی جانب سے کسی قسم کا شیڈول جاری نہیں کیا جا رہا۔

(جاری ہے)

تاجر برادری نے بھی شکایت کی ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کاروبار ٹھپ ہو چکے ہیں، خاص طور پر چھوٹے صنعت کار اور دکاندار شدید مالی نقصان سے دوچار ہیں۔شہریوں اور تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور باقاعدہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کر کے عوام کو ذہنی اذیت سے نجات دی جائے ۔عوامی حلقوں نے اعلی حکام سے فوری نوٹس لینے اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔