ؔوزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی کاوشیں رنگ لے لائیں‘کئی برس سے سپین میں مفرور ملزمان کی گرفتاریاں شروع

اتوار 29 جون 2025 18:00

O اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) وفاقی وزارت داخلہ کی بڑی کامیابی۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی کاوشیں رنگ لے لائیں۔کئی برس سے سپین میں مفرور ملزمان کی گرفتاریاں شروع۔ ضروری کارروائی کے بعد مطلوب ملزمان کو پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔ پاکستان کو مطلوب 2 خطرناک ملزمان سپین میں گرفتار کر لئے گئے۔ دیگر کی گرفتاری کے لئے کارروائی جاری ہے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے حالیہ دورہ سپین میں ہسپانوی وزیر داخلہ مارلاسکا گرینڈے سے ملاقات میں مطلوب ملزمان کی انٹر پول کے ذریعے گرفتاریوں اور پاکستان حوالگی کا مطالبہ کیا ۔سپین کے وزیر داخلہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو احکامات دیئے ۔دہشتگردی۔ قتل۔ اغوا برائے تاوان سمیت 23 مقدمات میں مطلوب ملزم نوازش علی ہنجراہ اور دیگر مقدمے میں مطلوب ملزم ہارون اقبال کو انٹرپول ریڈ نوٹس پر سپین میں گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے کئی برس سے سپین سے انٹرپول ریڈ نوٹس کے 38 مطلوب ملزمان کی گرفتاری و حوالگی کا مطالبہ کیا ہوا تھا۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے حال ہی میں سپین کا دورہ کیا اور اس معاملے پر ہسپانوی وزیرداخلہ سے بات چیت کی۔وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کا 2 مطلوب ملزمان کی گرفتاری پر سپین کے وزیر داخلہ سے اظہار تشکر۔ طلال چوہدری نے کہا کہ امید ہے کہ سپین میں مفرور دیگرمطلوب ملزمان بھی جلد گرفتار ہوں گے اور پاکستان کے حوالے کئے جائیں گے۔