ڈسکہ سٹی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے پانچ اہم سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے، صوبائی وزیر میاں ذیشان رفیق

اتوار 29 جون 2025 19:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ڈسکہ سٹی میں 57 کروڑ 2 لاکھ 78 ہزار روپے کی لاگت سے پانچ اہم سڑکوں کی ازسرنو تعمیر کا آغاز کر دیا گیا ہے، ان منصوبوں کو 31 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ زیر تعمیر سڑکوں میں پسرور روڈ، وزیر آباد روڈ، کالج روڈ اور بنک روڈ شامل ہیں جبکہ جامکے روڈ پر ٹرنک سیور لائن بچھانے کا عمل جاری ہے، جس کے فوراً بعد سڑک کی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات پی پی 51 میں جاری ترقیاتی کاموں اور مون سون کی بارشوں سے نمٹنے کے لئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ایم پی اے چوہدری نوید اشرف، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا، اے سی ڈسکہ عثمان غنی اور میونسپل کمیٹی کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت ڈسکہ میں سیوریج کا جامع منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ نالوں کی صفائی کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے مون سون کی ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر فلڈ ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹی پیشگی اقدامات مکمل کرے، نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنائے، ڈسپوزل اسٹیشن مکمل فعال ہوں، بیک اپ جنریٹرز دستیاب ہوں اور ڈی واٹرنگ سیٹ و عملے کی ڈیوٹی کا تحریری روسٹر جاری کیا جائے۔

اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے بھی گفتگو کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف محرم الحرام اور مون سون کے انتظامات کو خود مانیٹر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کی صورت میں جلوسوں کے روٹس کو صاف رکھنا اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔