!حیدرآباد، شہر میں دورانِ ایامِ عزا ء حیسکو کی جانب سے رات کے اوقات میں بجلی کی کسی بھی قسم کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات دھرے کے دھر ے رہ گئے

×شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی کی طویل دورانیہ والی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ،محرم الحرام میں عوام کوشدید مشکلات کا سامنا

اتوار 29 جون 2025 20:45

?حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) حیدرآباد شہر میں دورانِ ایامِ عزا ء حیسکو کی جانب سے رات کے اوقات میں بجلی کی کسی بھی قسم کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کیلئے کیئے گئے واضح اعلانات کے باوجود رات کے اوقات میں شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی کی طویل دورانیہ والی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہر بھر میں روزانہ شام سے نمازِ فجر تک برآمد ہونے والے سالانہ ماتمی پڑ اندھیروں میں گشت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عزاداری کے سالانہ قدیم سلسلہ کو جان بوجھ کر شدید متاثر کیا جا رہا ہے اور حیسکو کی جانب سے شکایات نوٹ کروانے کے لئے جاری کیئے گئے نمبرز اور حیسکو کے ذمہ داران کے نمبرز پر کوئی فون اٹینڈ کرنے کیلئے بھی تیار نہیں ہے جبکہ حیسکو پھلیلی سب ڈویزن کے علاقہ جانی شاہ محلہ میں بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہوئے 5روز گذر گئے حیسکو کے جملہ ذمہ داران سے بار بار گذارشات کرنے کے 2روز بعد ٹرانسفارمر رتو اتارا گیا لیکن اسے بھی 3روز گذر گئے لیکن آج پانچویں روز بھی بجلی کی بحالی کے لئے نہ تو کوئی اقدام کیا گیا اور نہ ہی اب گذشتہ 2روز سے حیسکو کا کوئی ذمہ دار فون اٹینڈ کرنے کی زحمت گوارہ فرما رہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف علاقہ میں پینے کی پانی کی شدید ترین قلت پیدا ہوگئی ہے بلکہ گذشتہ 3روز سے ایامِ عزا کے سلسلہ میں روزانہ شام سے نمازِ فجر تک علاقہ میں برآمد ہونے والے جملہ سالانہ ماتمی پڑ گھپ اندھیرے، گندگی، غلاضت اور گندے پانی سے گذر رہے ہیں جس کی وجہ سے عزاداری کا سلسلہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور 5روز سے جاری اس افسوسناک صورتحال کے خلاف اب علاقہ مکین احتجاجی طور پر روڈ بلاک کرکے دھرنے دینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

عزادار رابطہ کمیٹی حیدرآباد کے سرپرست زوار عبدالستار درس نے حیسکو کی جانب سے شہر بھر میں جاری اس اندھیر نگری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال میں نہ صرف شہر بھر سے برآمد ہونے والے ماتمی پڑوں، مجالسوں اور ماتم داریوں کا سلسلہ شدید متاثر ہو رہا ہے بلکہ لوگوں کو نذر نیاز اور سبیلیں تیار کرنے میں بھی شدید ترین دشواریوں کا سامنہ ہے جس کی وجہ سے اب شہری اور عزادار حیسکو کے خلاف احتجاج کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی اور حیسکو چیف حیدرآباد سے اس سنگین صورتحال کا فوری سنجیدہ نوٹس لے کر اس اہم ترین مسئلہ کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔