- اقلیتی فورم پاکستان چیپٹر حیدرآباد کی طرف سے انسانی حقوق پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ

اتوار 29 جون 2025 20:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2025ء) اقلیتی فورم پاکستان چیپٹر حیدرآباد کی طرف سے اقلیتی نوجوانوں جس میں وکلا، استاد، سماجی کارکن، سیاسی کارکن اور شاگردوں کے لیے انسانی حقوق پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے ایم پی اے صابر قائم خانی نے خصوصی شرکت کی ، اس موقع پر اقلیتی فورم حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری رومیس بھٹی اور لاہور سے اقلیتی فورم پاکستان کے کنوینئر ناصر ولیم نے اجرک اور گلدستہ دے کر خوش آمدید کیا۔

ان کے ساتھ اقلیتی فورم حیدرآباد صدر نکیش کمار، رانا پردیپ، سنیل شتروگھن اور عمران جوزف ، یاسر طالب شامل تھے، صابر قائم خانی نے کہاکہ اقلیتی برادری کے مسائل کو ہر فورم پر اُجاگر کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہاکہ پاکستان میں رہنے والے تمام اقلیتی برادری کے افراد کو بھی اتنا ہی حق حاصل ہے جتنا کہ یہاں کے مقامی لوگوںکو ہے۔

(جاری ہے)

ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں تاکہ کوئی امتیاز نہ رہے۔

اقلیتی فورم حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری رومیس بھٹی نے کہاکہ پاکستان ہمارا وطن ہے اور اس کیلئے ہم ہر قربانی دینے کو تیا رہے کیونکہ ہم یہاں پیدا ہوئے ہیں اور یہاں پر تعلیم حاصل کی یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ہم سب مل کر ساتھ رہتے ہیں اور کوئی امتیاز نہیں ہے، پاکستان میں ہمارے ساتھ اکثریت اور اقلیتی میں کوئی فرق نہیں ہے ہم سب ایک دوسرے کے حقوق اور تقدس کا احترام کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔