حضور نبی کریم کے اعلیٰ پاک فرمودات وطنِ عزیز میں امن و سلامتی، اتحاد و ترقی اور بہترین معاشرہ تشکیل دینے کیلئے مشعلِ راہ ہیں،پیرمحمدنقیب الرحمان

اتوار 29 جون 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم کے اعلیٰ پاک فرمودات وطنِ عزیز پاکستان میں امن و سلامتی، اتحاد و ترقی اور بہترین معاشرہ تشکیل دینے کے لئے ہمارے پاس عظیم ترین مشعلِ راہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ مبارک کی تربیتی نشست سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے آقا و مولا کا فرمان مبارک ہے کہ تم میں سے سب سے عقلمند وہ ہے جو موت کو یاد رکھتا ہے اور موت کی یاد سے فکرِ آخرت حاصل ہوتی ہے اور اس ذریعے سے انسانی عمل و کردار کی بہترین نشو نما کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

مسلمانوں کے نئے ہجری سال کا آغاز ہوچکا ہے اور ماہِ محرم الحرام حرمت والا مہینہ ہے جس کی تعظیم و تکریم ہم سب پر فرض ہے۔

ماہِ محرم الحرام ہی میں اہلِ بیت اطہار رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین اور بالخصوص حضرت امام عالی مقام امام حسین کی دینِ متین اسلام کی تا قیامت حفاظت و سر بلندی کے لئے عظیم و تابناک قربانی مسلمانانِ عالم کے جذبہِ ایمانی کو حرارت و قوت بخشتی رہے گی اور ہمیشہ خیر اور شر کے درمیان کسوٹی کا کام دے گی۔وطنِ عزیز پاکستان جو ہمارا گھر اور ہماری چھت ہے وہ کسی بھی قسم کے نا مسائد حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والے عناصر کا دین اور وطن عزیز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس ماہِ مبارک کے دوران وطنِ عزیز پاکستان میں امن و سلامتی کے قیام اور آپس میں باہمی اخوت و محبت اور بھائی چارے و یگانگت کو فروغ دینے کے لئے ہم سب کو مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔ ہر قسم کے انتشار اور تعصب کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ تمام مقدسات کا مکمل ادب و احترام کیا جائے، اپنے مسلک کو نہ چھوڑیں اور دوسرے کے مسلک کو نہ چھیڑیں۔درسِ حدیث مبارک کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے خصوصی دعا کی۔