اسرائیلی فوج کاغزہ کے گنجان آباد علاقوں کو فوری خالی کرنے کا حکم

علاقوں کو فوری خالی نہ کیا گیا تو یہاں کے مکینوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا،بیان

پیر 30 جون 2025 14:25

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) اسرائیلی فوج نے ایران سے جنگ بندی کے بعد غزہ میں بڑے آپریشن کی تیاری کرتے ہوئے شمالی غزہ کے گنجان آباد علاقوں کو فوری خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرقی زیتون، تفاح، دراج، صبرہ، جبالیہ البلد، جبالیہ کیمپ اور تل الزعتر سمیت مجموعی طور پر17 علاقوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر جنوبی علاقے المواسی کیمپ کی جانب منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ فوجی کارروائیاں مزید شدت اختیار کریں گی، اگر ان علاقوں کو فوری خالی نہ کیا گیا تو یہاں کے مکینوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں آپریشن مکمل کرنے کے بعد اسے وسطی علاقوں تک پھیلانے کا بھی عندیہ دیا ہے۔