پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی چھٹی ڈی جی پی اے اے ای-کچہری کا انعقاد

پیر 30 جون 2025 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی چھٹی ڈی جی پی اے اے ای-کچہری میں پورٹرز کی کمی ائیر پورٹس پر تکنیکی نوعیت کے مسائل اور مختلف اداروں کے عملے کی جانب سے رشوت طلب کرنے اور بدتمیزی جیسے معاملات کو سنا اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ای کچہری پی اے اے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمیر سعید نے کی جبکہ ایچ آر، سی این ایس، سکیورٹی، ایس کیو ایم ایس، پلاننگ و ڈویلپمنٹ اور سول ورکس کے ڈائریکٹرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ای-کچہری میں زیادہ تر شکایات کا تعلق انسانی وسائل سے متعلق امور اور گمشدہ یا نقصان شدہ سامان سے تھا۔ دیگر مسائل میں پورٹرز کی کمی ائیر پورٹس پر تکنیکی نوعیت کے مسائل اور مختلف اداروں کے عملے کی جانب سے رشوت طلب کرنے اور بدتمیزی جیسے معاملات شامل تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈی جی نے شرکا کی شکایات کو بغور سنا، ان کے سوالات کے جوابات دیئے، معاملات کی وضاحت کی اور متعلقہ دفاتر کو ہدایات جاری کیں تاکہ مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی ڈی جی ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کی اپ گریڈیشن کے لیے ڈیزائن اور کنسلٹنسی کا مرحلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور منصوبے پر عملی کام سال کے آخر تک شروع ہو جائے گا۔ ای-کچہری کے اختتام پر ڈپٹی ڈی جی نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی مسافروں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور عوامی تجاویز ادارے کی کارکردگی میں بہتری کا ذریعہ بنتی ہیں۔