مظفرگڑھ ،تمام اداروں کے باہم رابطے سے ضلع رابطہ کمیٹی کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا رہا ہے،ڈپٹی کمشنر

پیر 30 جون 2025 17:30

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا ہےکہ ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انتظامی امور کی سرپرستی میں ضلع بھر میں جرائم اور غیر قانونی کاموں کے خلاف تمام متعلقہ ادارے ایک دوسرے کی معاونت سے موثر کاروائیاں کررہے ہیں جس سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ تمام اداروں کے باہم رابطے سے ضلعی رابطہ کمیٹی کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنایا جارہا ہے، یہ بات انہو ں نے ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انتظامی امور کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، غیر قانونی پیٹرول پمپس اور ایرانی تیل کی خرید و فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن ، ہائی وے پر گاڑیوں کی چیکنگ، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے چیکنگ، تجاوزات کے خلاف آپریشن، مدارس کے رجسٹریشن، سمگلنگ سامان کے گودام کی پڑتال، سمگلنگ کے سامان کی خرید و فروخت،بجلی چوری، بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور عوام میں شعور و آگاہی پر بات کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ جون کے دوران ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی پر 17971 چالان کئے گئے اور63 لاکھ 65 ہزار 700روپے جرمانہ کیا گیا اور 426 ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر قراۃ العین میمن نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے استعمال پر زور دیا جائے اوراس پر سختی کی جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ جون کے دوران 34 غیر قانونی پیٹرول پمپس کا چیک کیا گیا 23 کو سیل کیا گیا،40 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، تاہم ضلع میں ایرانی تیل کی کوئی ایجنسی نہیں ملی۔

گیس کی غیر قانوی منتقلی پر 166 ایف آئی آر درج کی گئیں ۔29 مقامات پر ہائی وے کو چیک کیا گیااور 4مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا۔ضلع بھر میں کوئی نان کسٹم پیڈ گاڑی نہیں ملی اور نہ ہی کوئی سمگلنک کا اور سامان ملا۔ ماہ جون کے دوران ضلع بھر میں2110 مستقل تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا68000 روپے جرمانہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع میں 603 مدارس ہیں جس میں سے 432 رجسٹرڈ ہیں جبکہ 171 مدارس ابھی رجسٹرڈ نہیں ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نےکہا کہ غیر رجسٹرڈ مدارس کو نوٹس دئیے جائیں، جو ادارہ رجسٹریشن کے لئے رجوع نہیں کرتے تو ان کو سیل کردیا جائے۔ انہوں نے تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنران کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر رجسٹرد مدارس سے رابطہ کیا جائے اور ان کی رجسٹریشن کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ جون کےدوران 190 بجلی کے غیر قانونی کنکشن منقطع کئے گئے، 135 ایف آئی آر درج کی گئیں48 افراد کو گرفتار کیا گیا اور49 لاکھ 30 ہزار روپے ریکوری کی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانی کے ڈیسک پر 195 شکایات میں سے 139 کو حل کردیا گیا ہے جبکہ 35 پر کاروائی جاری ہے ۔ علاوہ ازیں ضلع میں سمگلنگ کے سامان کی بھی کھوج لگایا گیا تاہم مظفرگڑھ میں سمگلنگ کا کوئی سامان فروخت ہوتے ہوئے نظر نہیں آیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد یوسف چھینہ، اسسٹنٹ کمشنر عرفان ہنجرا سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنران نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔\378