ٴْسی سی پی نے سی سی ایل ہولڈنگ کو مچلز فروٹ فارمز کے 40.63 فیصد شیئرز کے حصول کی منظوری دے دی

پیر 30 جون 2025 18:05

zاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)نے سی سی ایل ہولڈنگ(پرائیویٹ)لمیٹڈ کو مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ کے 40.63 فیصد شیئرز کے حصول کی منظوری دی ہے۔شیئر پرچیز ایگریمنٹ کے تحت سی سی ایل ہولڈنگ سیدہ میمانت محسن اور سیدہ متانت غفار سے مچلز فروٹ فارمز کے 40.63 فیصد شیئرز حاصل کرے گی۔ کمیشن کے جائزے میں "جام، جیلی، سوسز، کنفیکشنری و مشروبات' کی متعلقہ پروڈکٹ مارکیٹ کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کمیشن نے اپنے جائزے میں کہا ہے کہ اس معاہدے سے متعلقہ مارکیٹ میں غلبہ پیدا ہونے کا امکان نہیں اور نہ ہی یہ مارکیٹ میں مقابلے میں کمی کا باعث بنے گا۔ سی سی ایل ہولڈنگ(پرائیویٹ)لمیٹڈ سابقہ ڈی ایچ ایس فارما(پرائیویٹ)لمیٹڈ ایک پرائیویٹ لمیٹڈ اور ہولڈنگ کمپنی ہے جو تجارتی و مینوفیکچرنگ سرگرمیوں سے منسلک نہیں ہے۔ تاہم، اس کا گروپ آف کمپنیز بنیادی طور پر ہیلتھ کیئر اور دواسازی کے شعبے سے منسلک ہے۔دوسری جانب، مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ اور لسٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہے، جو مختلف کنفیکشنری اور گروسری آئٹمز کی تیاری اور فروخت سے منسلک ہے۔