معاشی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ سازگار کاروباری ماحول پیدا کیلئے ضروری ہے، ناصر منصور قریشی

پیر 30 جون 2025 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ کاروباری برادری اور خاص طور پر چیمبرز کی قیادت کے ساتھ مضبوط تعاون کو فروغ دے تاکہ معاشی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکے۔

پیر کو آئی سی سی آئی میں کاروباری رہنمائوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طویل المدتی منصوبہ بندی اور اقتصادی پالیسیاں ایک مستحکم اور مضبوط معیشت کے بنیادی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے، سستی بجلی کی دستیابی کو یقینی بنانے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں اضافہ اور صنعتی و اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک رسائی کو بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تجارتی قرضوں پر ضرورت سے زیادہ انحصار کو ختم کرنا چاہیے اور اس کے بجائے پائیدار اقتصادی اصلاحات اور پیداواری شعبوں کی ترقی کو ترجیح دینی چاہیے۔ صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد صرف پالیسی میں تسلسل، شفافیت اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے بحال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مرکوز اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے ایک علاقائی مرکز کے طور پر ابھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نےآئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر پالیسی مشاورت میں حکومت کی حمایت کے لیے تیار ہے جس کا مقصد صنعتی شعبہ کا استحکام، برآمدات میں اضافہ اور ملک کے مالیاتی استحکام اور طویل مدتی اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔