اٹک ،ڈی ایچ کیو ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹرز اور نرسسز کو ہراساں کرنے والے شخص کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر ڈاکٹرز کا شدید احتجاج

پیر 30 جون 2025 19:30

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اٹک کی لیڈی ڈاکٹرز اور نرسسز کو ہراساں کرنے، ان پر بے ہودہ الزامات لگانے، غلیظ زبان استعمال کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے خود ساختہ بیرسٹر کے خلاف چھ دن گزرنے کے باوجود کوئی قانونی کارروائی نہ ہونے پر سرکاری ڈاکٹرز نے شدید احتجاج کیا ہے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور انچارج ہیلتھ کمیٹی حلقہ پی پی 3 ملک حمید اکبر خان نے قائم مقام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طفیل کے ہمراہ ایک ہنگامی پریس کانفرنس کی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک حمید اکبر خان نے بتایا کہ آزان اعوان نامی شخص، جو خود کو بیرسٹر ایٹ لاء ظاہر کرتا ہے اور گاڑی پر جعلی بیرسٹر پلیٹ آویزاں کیے ہوئے ہے، 24 جون کی شام ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹک آیا۔

(جاری ہے)

اُس نے گائنی وارڈ کے باہر شور شرابہ کیا اور دعویٰ کیا کہ اسے ایک افغان خاتون مریضہ کی طرف سے شکایت موصول ہوئی ہے کہ ہسپتال کا عملہ اس کی مناسب دیکھ بھال نہیں کر رہا۔

تاہم شکایت کے بہانے اس شخص نے لیڈی ڈاکٹرز اور نرسسز کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی، انہیں دھمکایا، اور گائنی وارڈ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ یہ شخص جعلی بیرسٹر نمبر پلیٹ کے ساتھ آزادانہ گھوم رہا ہے، مگر نہ سٹی پولیس نے کوئی قدم اٹھایا اور نہ ہی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن یا سینئر وکلاء نے اس پر کوئی ردعمل دیا ہے۔

ملک حمید اکبر نے مزید بتایا کہ مذکورہ شخص کی دھمکیوں کے باعث ایک لیڈی ڈاکٹر دس دن کی رخصت پر چلی گئی ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں مریض خوار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے غیر محفوظ ماحول میں باقی خواتین ڈاکٹرز اور نرسسز کیسے کام کر سکیں گی؟ملک حمید اکبر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا، اور ڈی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان سے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جو ہماری تعلیم یافتہ بیٹیوں اور بہنوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔\378