Live Updates

تعلیمی اداروں میں میرٹ اور شفافیت میری اولین ترجیح ہے‘ گورنر پنجاب

غریب اور اشرافیہ کے فرق کو ختم کر کے تعلیم کے ذریعے آگے آنے والے طلبہ کو اہمیت دی جائے جامعات میں منشیات اور غنڈہ گردی کا کلچر کسی صورت برداشت نہیں کروں گا‘سردار سلیم حیدر خان

پیر 30 جون 2025 20:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)گورنرپنجاب/چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس لاہور میں ایچسن کالج لاہوراور لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے بورڈ آف گورنرز کے علیحدہ علیحدہ اجلاس کی صدارت کی۔ایچسن کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں سالانہ بجٹ 26-2025 کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اوربورڈ ممبران نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں میرٹ اور شفافیت میری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخی تعلیمی اداروں میں سفارشی کلچر کا خاتمہ کرکے تعلیمی اداروں میںمیرٹ نظام نافذ کرنا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ان قدیم درسگاہوں سے فارغ التحصیل طلبہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی اعلی کارکردگی کے باعث ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعات میں منشیات اور غنڈہ گردی کا کلچر کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔گورنرپنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ غریب اور اشرافیہ کے فرق کو ختم کر کے تعلیم کے ذریعے آگے آنے والے طلبہ کو اہمیت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں بطور چانسلر اور پنجاب حکومت تعلیمی اداروں کی بہتری اور میرٹ کے نظام کو نافذ کرنے کے لئے ایک پیج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک گورنر پنجاب ہوں تاریخی تعلیمی اداروں میں میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ان اداروں سے فیضیاب ہونے والے طلبا اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قدیم تعلیمی درسگاہیں ہمارا چہرہ ہیں ان کے تعلیمی معیار اور شاندار روایات کونہ صرف برقرار رکھنا ہے بلکہ مزید بلندیوں تک پہنچانا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات