مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینا سپریم کورٹ کے شاندار ترین فیصلوں میں سے تھا، سلمان اکرم راجا

ملک میں قانون اور آئین نہیں ہیں، ملک کا نظام جنگل کا منظر پیش کررہاہے، اسد قیصر

پیر 30 جون 2025 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینا سپریم کورٹ کے شاندار ترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا فیصلہ سپریم کورٹ کے شاندار ترین 2 فیصلوں میں سے ایک تھا۔

انہوں نے کہا کہ ویسے تو بہت سے فیصلے ہیں کہ ضیا الحق، یحییٰ خان اور مشرف کے جانے کے بعد جبر کے خلاف فیصلہ دیا، لیکن سپریم کورٹ کے 2ہی فیصلے ہیں جن میں جبر کے نظام کے دوران اس کے خلاف فیصلہ دیا گیا۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جبر کے نظام کے ہوتے ہوئے اس کے خلاف فیصلہ صرف ایک جولائی 1988ء میں آیا اور دوسرا فیصلہ 12جولائی 2024ء کو سپریم کورٹ کے 8اکثریتی ججز نے دیا۔

(جاری ہے)

جب وقت کا حاکم یا نظام یہ چاہتا تھا کہ پی ٹی آئی کو سیٹیں نہ ملیں اور پی ٹی آئی کا پارلیمان میں تشخص مانا ہی نہ جائے۔ اس کیخلاف 8ججز صاحبان کھڑے ہوئے اور آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دیا، جمہوریت اور ووٹ کے حق کا بول بالا کیا۔قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما اسدقیصر نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون اور آئین نہیں ہیں۔ ملک کا نظام جنگل کا منظر پیش کررہاہے۔ جس کا جیسے دل چاہتا ہے ویسے ملک کا نظام چلا رہے ہیں۔ ملک میں فی الوقت قانون کی کوئی حیثیت نہیں۔