Live Updates

علی امین خان گنڈاپور کادورہ سی ایم ایچ پشاور

وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں زیر علاج زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی،ان کو گلدستے پیش کئے وزیر اعلیٰ نے دھماکے کے زخمیوں اور شہداء کے ورثاء کو صوبائی حکومت کی طرف سے بھر پور پیکج دینے کا اعلان کیا

پیر 30 جون 2025 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا اور گذشتہ دنوں شمالی وزیرستان میں خودکش حملے میں زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی عیادت کی۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف کے علاوہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ نے ہسپتال میں زیر علاج زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی فرداً فرداً عیادت کی،ان کو گلدستے پیش کئے اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور کہا کہ سکیورٹی فورسز کے شہیدوں اور غازیوں نے انتہائی جوانمردی سے خودکش حملے کو ناکام بنایا۔

(جاری ہے)

ملک میں امن کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں لازوال ہیں ، ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور عوام کے حوصلے بلند ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دھماکے کے زخمیوں اور شہداء کے ورثاء کو صوبائی حکومت کی طرف سے بھر پور پیکج دینے کا اعلان کیا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات