پی ٹی آئی نے بحیثیت جماعت الیکشن لڑ اہی نہیں ،نظر ثانی فیصلہ قانون کے مطابق ہے‘ اختر اقبال ڈار

ریٹرننگ آفیسرز کو دوسری پارٹی کے ٹکٹ جمع کروائے گئے،ترجیحی لسٹیں جمع ہی نہیں کروائی گئیں‘چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی

پیر 30 جون 2025 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ مثبت عمل ہے ،پی ٹی آئی نے بحیثیت پارٹی الیکشن لڑا ہی نہیں اور نہ ہی پی ٹی آئی نے ترجیحی لسٹیں جمع کروائی تھیں ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دوسری پارٹی کے ٹکٹ ریٹرننگ آفیسرز کے پاس جمع کروائے تھے ،12جولائی 2024 کے فیصلے میں عدالت نے آئین کو ری رائٹ کیا تھا جبکہ عدالت آئین کی تشریح تو کر سکتی ہے آئین کو تبدیل کرنے کی مجاز نہیں ہے۔

اختر اقبال ڈار نے کہا کہ موجودہ فیصلے کو دوسرے تناظر میں دیکھا جائے تو اسے پنچائتی ،اخلاقی طور پر تو غلط کہا جا سکتا ہے مگر آئین و قانون کی نظر میں یہ فیصلہ بالکل درست ہے ۔پی ٹی آئی عدالتی فیصلوں پر تنقید تو کرسکتی ہے لیکن ججز کو ذاتی طور پر حرف تنقید نہیں بنایا جا سکتا ،پہلے ہی پی ٹی آئی کی منفی سیاست نے پاکستان کو اخلاقی و سیاسی طور پر تباہی سے دو چار کر رکھا ہے۔