محرم الحرام کے تناظر میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنے والوں کیخلاف ان ایکشن ہے،ترجمان پنجاب پولیس

پیر 30 جون 2025 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) پنجاب پولیس محرم الحرام کے تناظر میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کی تشہیر کرنے والوں کیخلاف ان ایکشن ہے جس کے تسلسل میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض و نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے کے جرم میں 9مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد شیئر کرنے والے 10قانون شکن گرفتار کر لئے گئے۔

(جاری ہے)

فیس بک پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرنے پر 8افراد کو گرفتارکیا گیا جبکہ واٹس ایپ کے ذریعے قابل اعتراض مواد وائرل کرنے پر بھی 2افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سرگودھا، ساہیوال، لودھراں سے 2، 2، بھکر، خانیوال، راجن پور اور لیہ سے ایک ایک قانون شکن کو گرفتار کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت، اشتعال انگیزی اور فرقہ واریت کے مرتکب عناصر کسی رعائت کے مستحق نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور قابل اعتراض مواد کی تشہیر کے مرتکب عناصر کی سرکوبی یقینی بنا رہی ہے۔