جاوید میانداد کے شارجہ والے چھکے نے میری شادی برباد کردی، عامر خان کا انکشاف

چاہتا تھا کہ بھارت جیتے لیکن میچ کے آخری لمحے میں پاکستان کی فتح نے میرے جذبات پر پانی پھیر دیا : بالی ووڈ اداکار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 جولائی 2025 11:34

جاوید میانداد کے شارجہ والے چھکے نے میری شادی برباد کردی، عامر خان ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم جولائی 2025ء ) بولی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنی جوانی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی شادی کے دن جاوید میانداد کے تاریخی چھکے نے ان کی خوشی کو مایوسی میں بدل دیا تھا۔ 
عامر خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں شرکت کرکے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔ 
ایک سوال کے جواب میں عامر خان نے کہا کہ ان کی اپنی سابقہ بیوی رینا دتا سے ملاقات 20 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔

 
60 سالہ بالی ووڈ اداکار نے بتایا کہ دراصل رینا ان کے سامنے والی بلڈنگ میں رہتی تھیں اور دونوں کی بلڈنگز کے درمیان تقریباً 100 میٹر کا فاصلہ تھا، وہ جب بھی انہیں دیکھتے تو وہ انہیں بہت اچھی لگتیں ، ان کا زیادہ وقت اپنے کمرے کی کھڑکی کے سامنے گزرنے لگا، ان کی والدہ کو لگتا تھا کہ شاید وہ پڑھائی کر رہے ہیں، لیکن حقیقت میں وہ رینا کو دیکھا کرتے تھے۔

(جاری ہے)

 
عامر خان کا کہنا تھا کہ اسی دوران انہیں شک ہوا کہ شاید رینا بھی کھڑکی کے سامنے زیادہ وقت گزار رہی ہیں، جس سے انہیں لگا کہ شاید رینا کو بھی ان میں دلچسپی ہے، لیکن اس دوران دونوں کی باضابطہ ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ 
عامر خان کے مطابق ان کی دوست شلپا نے رینا کے ساتھ ان کی ملاقات طے کی، لیکن اس ملاقات میں رینا نے انہیں انکار کر دیا، انہیں شک ہوا کہ اگر رینا کو دلچسپی نہیں تھی تو پھر وہ کھڑکی میں اتنی دیر کیوں بیٹھتی تھیں؟۔

بعد ازاں دونوں کی دوبارہ ملاقات ہوئی اور پھر ان کے درمیان تعلقات قائم ہو گئے، لیکن یہ تعلقات زیادہ دیر نہ چل سکے، چار ماہ بعد رینا کے والدین کو اس تعلق کا علم ہو گیا، جس کے بعد دونوں نے اپنا رشتہ ختم کر دیا۔ 
عامر خان نے بتایا کہ وہ دونوں اس فیصلے سے خوش نہیں تھے، چنانچہ انہوں نے چھپ کر شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور ٹھیک 21 سال کی عمر میں دونوں نے سب سے چھپ کر شادی کر لی۔

 
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب وہ شادی کر کے گھر واپس آئے تو اس دن پاکستان اور بھارت کا میچ چل رہا تھا، دونوں کے گھر والے میچ میں مصروف تھے اور کسی نے ان کی غیر موجودگی کو نوٹس نہیں کیا۔ 
اداکار نے کہا کہ یہ وہی مشہور میچ تھا جس میں جاوید میانداد نے شارجہ میں آخری گیند پر چھکا مار کر بھارت کو شکست دی تھی۔ 
عامر خان نے کہا کہ چونکہ بھارت وہ میچ جیت رہا تھا، تو وہ بہت خوش تھے کہ ان کی شادی کے دن بھارت میچ جیتے گا، لیکن ان کی خوشی اس وقت مایوسی میں بدل گئی جب جاوید میانداد نے آخری بال پر چھکا مار دیا اور بھارت میچ ہار گیا۔

 
عامر خان نے بتایا کہ اس کے بعد وہ بہت افسردہ ہو گئے تھے اور سالوں بعد فلائٹ کے دوران ایک ملاقات میں انہوں نے جاوید میانداد کو بھی اس بارے میں بتایا تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ جاوید بھائی! آپ نے ٹھیک نہیں کیا، جس پر جاوید میانداد نے حیرت سے پوچھا کہ کیا؟ تو اداکار نے جواب دیا کہ آپ نے میری شادی برباد کر دی، کیونکہ اسی دن آپ نے آخری گیند پر چھکا مارا تھا، جس کی وجہ سے میں شدید مایوسی کا شکار ہو گیا تھا۔

 
@ashan.ashraf3

Amir khan marriage 🤵👰 & javed miandad connection 😱💯#fyp #amirkhan #trending #bollywood #viral #cricket #javedmiandad

♬ original sound - Ashan Ashraf
 
واضح رہے کہ 10 اپریل 1986ء کو شارجہ میں کھیلے گئے اس میچ میں آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے چار گیندوں پر 10 رنز درکار تھے اور آخری گیند پر جب صرف ایک گیند باقی تھی، پاکستان کو جیت کے لیے چار رنز درکار تھے۔ 
ایسے میں جاوید میانداد نے بھارتی باؤلر چیتن شرما کی گیند پر شاندار چھکا لگا کر نہ صرف میچ جتوایا بلکہ اسے کرکٹ کی تاریخ کے یادگار ترین لمحات میں تبدیل کر دیا۔