اسرائیلی فوج کے زیر نگرانی خوراک تقسیم کرنے کے مراکز پر فلسطینیوں کو نقصان پہنچنے کااعتراف

منگل 1 جولائی 2025 15:33

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)اسرائیلی فوج نے کئی ہفتوں بعد اعتراف کر لیا ہے کہ اس کے زیر نگرانی ماہ مئی کے اواخر سے کام شروع کرنے والے خوراک تقسیم کرنے کے مراکز پر فلسطینی شہریوں کو نقصان پہنچا ہے۔ اس جائزہ کے بعد خوراک تقسیم کرنے کے معاملات کو ڈیل کرنے کا فوجی طریقہ کار تبدیل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل کی فوج کے اس بارے میں جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ' سبق سیکھ ' لیا گیا ہے۔ تاہم اس اعتراف کے باوجود سینکڑوں فلسطینیوں میں خوراک تقسیم کے موقع پر موت بانٹنے اور ان کے قتل کیے جانے کے الفظ استعمل نہیں کیے گئے ہیں۔ بیان کے مطابق اسرائیلی فوج کی جنوبی کمانڈ میں خوراک تقسیم کرنے کے نظام کا جائزہ لیا گیا اور اس جائزے سے سبق سیکھ کر نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن مقامات پر فلسطینی شہریوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات پیش آئے ہیں واقعات کا الگ سے ابھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ البتہ اسرائیلی فوج کے جاری کیے گئے اس بیان میں اس امر کا سختی سے اہتمام کیا گیا ہے کہ چار سو سے زائد فلسطینیوں کو ہلاک کرنے کے باوجود ہلاکت یا قتل کا لفظ استعمال نہیں کیا گیا محض فلسطینی شہریوں کو نقصان پہنچنے کی ترکیب اختیار کی گئی ہے۔