Live Updates

خواتین یونیورسٹی ملتان کے شعبہ کمپیوٹر سائنسز اینڈ آئی ٹی کے زیراہتمام ایکسپو 2025 کا انعقاد

منگل 1 جولائی 2025 16:47

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) خواتین یونیورسٹی ملتان کے شعبہ کمپیوٹر سائنسز اینڈ آئی ٹی کے زیراہتمام ایکسپو 2025 کا انعقاد کیاگیا۔ منگل کو ترجمان کے مطابق ایکسپو میں طالبات کے بنائے گئے 200 سے زائد ماڈلز کی نمائش کی گئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن و ممبر صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ تھے ۔

مہمانان اعزاز میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران اور وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان شامل تھے۔تقریب کا افتتاح اجمل خان چانڈیہ نے کیا ۔تقریب کی فوکل پرسن ڈاکٹر خدیجہ کنول نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شعبہ کمپیوٹر سائنسز اینڈ آئی ٹی کےزیراہتمام سالانہ نمائش اختراعی ٹیک پروجیکٹس اور تخلیقی طلباء کے خیالات کی نمائش ہے، یہ مستقبل کے رجحانات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اجاگر کرتی ہے جس کامقصد طالبات کے اختراعی آئیڈیاز کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ خواتین یونیورسٹی اپنی طالبات کو جدید علوم سے آراستہ کررہی ہے، حکومتی سرپرستی میں طالبات نے مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق پراجیکٹس تیار کئے ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن و ممبر صوبائی اسمبلی اجمل خان چانڈیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہ خواتین یونیورسٹی میں طالبات کی کاوشیں دیکھ کر یقین ہوا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ،جنوبی پنجاب ذرخیز خطہ ہے ، خواتین یونیورسٹی ملتان نے جنوبی پنجاب میں شعور کی آبیار ی کےلئے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبات کے آئی ٹی پراجیکٹس مارکیٹ کے مطابق ہیں، طالبات کی تخلیقی صلاحتیں کسی طور کم نہیں ہیں ، مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق پراجیکٹ ڈیزائن کرنا ان کی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے،حکومت بھی آئی ٹی شعبے پر توجہ دے رہی ہے اور بجٹ میں خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ جدت اور تحقیق قومی ترقی کے لیے ضروری ہے اور ہماری طالبات بین الاقوامی سطح پر بھی علمی معیشت میں بامعنی حصہ ڈالنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی ایکسپو جیسے فورم نہ صرف علم کے اشتراک کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتے ہیں بلکہ اکیڈمی، صنعت اور معاشرے کے درمیان عملی تعاون کو بھی فعال کرتے ہیں ۔ نمائش میں 200 سے زائد طالبات نے اپنے پراجیکٹس پیش کئے جن میں ڈیٹا سائنسز ، اے آئی اینڈ مشین لرننگ ، کمپیوٹر وژن اینڈ امیج پروسس ، انٹرنیٹ آف تھنگز ، سائبر سیکورٹی ، نیٹ ورکنگ ، موبائل ویب اینڈ ڈیسک ٹاپ ایپس ، ہیومن کمیپوٹر انٹریکشن کے پراجیکٹس شامل ہیں۔ نمائش میں پوزیشن لینے والی طالبات میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔ ایکسپو میں مختلف یونیورسٹیوں کی طالبات نے بھی اپنے پراجیکٹس پیش کئے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات