ڈپٹی کمشنر جامشورو کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے دوران حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس

منگل 1 جولائی 2025 16:49

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی زیر صدارت مون سون کی بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے دوران حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس جامشورو کے دربار ہال میں منعقد ہوا۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نورالدین ہنگورجو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیر منظور احمد، اے ڈی سی ٹو ڈاکٹر عدنان تنیو، ایگزیکٹو انجینئر حیسکو کوٹڑی منیر پنہور، چیف آفیسر ضلع کونسل مہتاب خواجہ، سوشل ویلفیئر، لائیو اسٹاک، اریگیشن، تعلیم، لوکل گورنمنٹ، روینیو، صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے کہا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکمے عوام کو ریلیف مہیا کرنے کے لیے تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل، ٹاؤن انتظامیہ، آبپاشی، پبلک ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ محکمے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے سٹورم ڈرینز، نالوں اور سیوریج نالوں کی صفائی، پمپنگ اسٹیشنز پر مشینری، جنریٹرز اور تیل کی دستیابی سمیت ضروری انتظامات کے حوالے سے تیار کردہ کانٹیجنسی پلان ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کروائیں تاکہ باقی انتظامات کو فوری طور پر مکمل کر کے عوام کو بارشوں کے دوران تکلیف سے بچایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے میونسپل اور ٹاؤن آفیسرز کو ہدایات دیں کہ تمام ڈرینج ڈسپوزل پر مشینری کی دستیابی اور پانی کی نکاسی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ضروری سامان سمیت عملے اور مشینری کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کے دوران صحت، آبپاشی، میونسپل، پبلک ہیلتھ، لائیو اسٹاک سمیت دیگر ضروری خدمات فراہم کرنے والے محکموں کے افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ دریائے سندھ میں ممکنہ سیلاب کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ افسران کے ساتھ مل کر حفاظتی بندوں کا دورہ کیا جائے اور ان کی مضبوطی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ڈی سی جامشورو نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات دیں کہ ضلع کے ہسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹروں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو بھی ہدایات دیں کہ ضلع میں جانوروں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ ممکنہ بارشوں کے دوران عوام کو کسی بھی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔