تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیر اعظم شیناوترے کو وزیر اعظم کے عہدے سے معطل کر دیا

منگل 1 جولائی 2025 16:52

بنکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) تھائی لینڈ کی آئینی عدالت نے وزیر اعظم پیٹونٹن شیناوترےکے خلاف مواخذے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں وزیر اعظم کے عہدے سے معطل کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔ اے ایف پی کے مطابق عدالت کے 9 ججوں نے 9 کے مقابلے میں 0 ووٹ سےشیناوترےکے خلاف مواخذے کی درخواست منظور کی اور 7 کے مقابلے میں 2 ووٹ سے پیٹونٹن کو وزیراعظم کے فرائض سے معطل کرنے کا فیصلہ سنایا گیا ۔

(جاری ہے)

پیٹونٹن نے آئینی عدالت کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ 15 دن کے اندر اپنے دفاع کے لئے عدالت میں متعلقہ مواد پیش کریں گی۔ پیٹونٹن کی معطلی کے بعد تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر ٹرانسپورٹ سوریا جوانگرونگ نے نگران حکومت کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔یاد رہے کہ 20 جون کو تھائی پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے سپیکر نے ملک کی آئینی عدالت میں وزیر اعظم پیٹونٹن کے مواخذے کے لیے ایک درخواست جمع کرائی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ کمبوڈیا کے سینیٹ کے صدر ہن سین کے ساتھ پیٹونٹن کی ٹیلیفونک گفتگو کے موضوعات غیر آئینی اور غیر اخلاقی ہیں۔