جامع مسجد عثمانیہ کوٹ فرید روڈ سرگودھا میں محرم الحرام کے سلسلہ میں امن سیمینار کا انعقاد

منگل 1 جولائی 2025 21:06

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) جامع مسجد عثمانیہ کوٹ فرید روڈ سرگودھا میں محرم الحرام کے سلسلہ میں امن سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔منگل کو منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مفتی طاہر مسعود نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لیے علماء کرام کا کردار ہمیشہ مثبت رہاہے، بین المسالک ہم آہنگی اور استحکامِ پاکستان کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رہیں گی، ہندوستان اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کو قوم نے“بنیان مرصوص“سے ناکام بنایا، علما کرام محرم الحرام کے دوران امن کے لئے انتظامی افسروں کا ہراول دستہ ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کی سلامتی و تحفظ کیلئے عزم و استحکام کے لائحہ عمل کا جو فیصلہ کیا ہے پوری قوم اور علما کرام اس فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں، وطن عزیز پاکستان اسلام اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا، پاکستان کا تحفظ و دفاع پوری قوم کی ذمہ داری ہے، اتحاد بین المسلمین،استحکام پاکستان،دفاع پاکستان اور پیغام پاکستان کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت و انتظامیہ کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر کے علما،مذہبی رہنما اور عوام الناس پر یہ بھاری ذمہ داری عا ئدہوتی ہے کہ وہ متحد ہوکر امن و سلامتی کے دشمنوں کے تمام تر ناپاک عزائم اور مذموم ارادوں کو خاک میں ملا دیں، محرم الحرام کا مقدس مہینہ جاری ہے اس وقت ہم سب پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم من حیث القوم اپنی ذمہ داریوں سے عہد ہ براء ہوں اور اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نگاہ رکھیں۔ سیمینار سے پیر عبدالوحید،قاری عقیل احمد زبیری،مولانا عبدالحمید ڈوگر،مولانا عمر مدنی،مفتی جنید،مفتی عتیق،مولانا عرفان ایوب نے بھی خطاب کیا۔