اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی کاروائی، 24 کروڑ 85 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کی آٹھ کنال کمرشل اراضی کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ کے حوالے

منگل 1 جولائی 2025 22:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو نوتھیہ پشاور میں کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ کی آٹھ کنال اراضی باچہ خان ایجوکیشنل ٹرسٹ کی پندرہ سالہ لیز رقم کی عدم ادائیگی کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی جس پر تفصیلی انکوائری میں اٹھ کنال پانچ مرلہ اراضی اے این پی کے دور حکومت میں باچا خان ٹرسٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پشاور کو 15 سال کی مدت کے لیے دس ہزار روپے ماہانہ کرایہ کے ساتھ لیز پر دی گئی۔

(جاری ہے)

لیز 2009 میں دی گئی جسکی مدت مئی 2024 کو ختم ہو گئی۔ لیکن باچا خان ٹرسٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پشاور نے اراضی میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کے حوالے نہیں کی۔ انکوائری میں یہ بھی ثابت ہوا کہ پندرہ سالوں میں ایک دفعہ بھی کرایہ ادا نہیں کیا گیا۔ انکوئری میں ٹرسٹ سے انکی سرگرمیوں کے بارے پوچھ گچھ کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کے ہمراہ مزکورہ اراضی کو سیل کرکے کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کے حوالے کر دی۔ مذکورہ اراضی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 24 کروڑ 85 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔