اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی کاروائی،کروڑوں روپے مالیت کی کمرشل اراضی کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاورکے حوالے

منگل 1 جولائی 2025 22:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی کمرشل اراضی کپیٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ کے حوالے کر دی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کو نوتھیہ پشاور میں کپیٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ کی آٹھ کنال اراضی باچہ خان ایجوکیشنل ٹرسٹ کی پندرہ سالہ لیز رقم کی عدم ادائیگی کے حوالے سے شکایت موصول ہوئی جس پر تفصیلی انکوائری میں آٹھ کنال پانچ مرلہ اراضی اے این پی کے دور حکومت میں باچا خان ٹرسٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پشاور کو 15 سال کی مدت کے لیے دس ہزار روپے ماہانہ کرایہ کے ساتھ لیز پر دی گئی۔

لیز 2009 میں دی گئی جسکی مدت مئی 2024 کو ختم ہو گئی لیکن باچا خان ٹرسٹ ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پشاور نے اراضی میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کے حوالے نہیں کی۔ انکوائری میں یہ بھی ثابت ہوا کہ پندرہ سالوں میں ایک دفعہ بھی کرایہ ادا نہیں کیا گیا۔ انکوئری میں ٹرسٹ سے انکی سرگرمیوں کے بارے پوچھ گچھ کا کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا۔ اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کے ہمراہ مذکورہ اراضی کو سیل کرکےکپیٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کے حوالے کر دی۔ مذکورہ اراضی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 24 کروڑ 85 لاکھ 20 ہزار روپے ہے۔