Live Updates

پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم اور معاشی دہشتگردی ہے، زین شاہ

یہ اضافہ نہ صرف مہنگائی کے طوفان کو مزید شدت دے گا بلکہ غریب اور متوسط طبقے کی زندگی کو مزید جہنم بنا دے گا،صر سندھ یونائیٹڈ پارٹی

منگل 1 جولائی 2025 20:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور دریائے سندھ بچا تحریک کے کنوینر سید زین شاہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ظلم اور معاشی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات نااہل اور بے حس حکمران طبقے کی عوام دشمن پالیسیوں کا شاخسانہ ہیں۔ یہ اضافہ نہ صرف مہنگائی کے طوفان کو مزید شدت دے گا بلکہ غریب اور متوسط طبقے کی زندگی کو مزید جہنم بنا دے گا۔

اپنے جاری بیان میں سید زین شاہ کا کہنا تھا کہ ظالم حکمران طبقہ آئی ایم ایف کی خوشنودی کے لیے کروڑوں غریب پاکستانیوں کو فاقہ کشی کی طرف دھکیل رہا ہے۔ ایک طرف عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں، بچے بھوکے سونے پر مجبور ہیں، مریض ادویات کے بغیر دم توڑ رہے ہیں، اور دوسری طرف حکمران طبقہ سرکاری خزانے کو اپنی ذاتی عیاشیوں، بیرونِ ملک دوروں، بلٹ پروف گاڑیوں، پروٹوکولز اور غیر ضروری مراعات پر بے دریغ لٹا رہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت عوامی مینڈیٹ سے نہیں بلکہ فارم 47 کی پیداوار ہے، اسی لیے اسے عوام کی تکالیف کا کوئی احساس نہیں۔ پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمران اشرافیہ عوام کے خون پسینے کی کمائی کو نچوڑ کر اپنی مراعات کا پیٹ بھر رہی ہے۔ ملک کی اکثریتی آبادی پہلے ہی مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے، اور ایسے میں ان قیمتوں کا اضافہ ان کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا دعوی کہ موجودہ بجٹ عوام دوست ہے، کھلا دھوکہ اور سفید جھوٹ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ بجٹ ایک عوام دشمن منصوبہ ہے جس کے ذریعے غریب سے سب کچھ چھین کر صاحبِ اقتدار کو نوازا جا رہا ہے۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات