یوم عاشورہ کے موقع پر ضلع لاڑکانہ میں 181 مجالس اور 179 ماتمی جلوس نکالے جائیں گے،ایس ایس پی احمد چوہدری

منگل 1 جولائی 2025 20:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ایس ایس پی لاڑکانہ احمد چوہدری نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ کے موقع پر ضلع لاڑکانہ میں 181 مجالس اور 179 ماتمی جلوس نکالے جائیں گے، جن میں سے 9 جلوسوں کو انتہائی حساس، 16 کو حساس اور 152 کو نارمل قرار دیا گیا ہے، تمام مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے 3 ہزار 300 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ رینجرز کے جوان بھی سکیورٹی پر مامور ہوں گے، پاک فوج کے 200 جوانوں سمیت کیو آر ایف کے اہلکار سٹینڈ بائی رہیں گے،ضلع کے 5 علماء پر پابندی عائد کی گئی ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے لاڑکانہ پولیس نے مکمل انتظامات کیے ہیں، ایسے واقعات کی صورت میں ربڑ کی گولیاں، آنسو گیس اور دیگر وسائل استعمال کرتے ہوئے امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

شہدائے کانفرنس ہال ایس ایس پی آفس میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ گذشتہ 6 مہینوں کے دوران لاڑکانہ پولیس نے 137 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا، 42 جرائم پیشہ گینگ برسٹ کیے اور 4 ڈاکوؤں کو ہلاک کیا، پولیس مقابلوں میں 50 جرائم پیشہ افراد زخمی حالت میں گرفتار ہوئے، جس کے نتیجے میں ضلع میں جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 6 ماہ کے دوران ضلع لاڑکانہ میں جرائم کی شرح میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، عید کے دنوں میں جرائم کی ایک نئی لہر آئی تھی جس پر پولیس نے قابو پالیا اور اب صورتحال نارمل ہے، خاص طور پر شہر میں سٹریٹ کرائم نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائم میں اکثر نشے کے عادی اور جوئے میں ملوث نوجوان شامل ہوتے ہیں جو نشے یا جوئے کی لت پوری کرنے کے لیے جرائم کرتے ہیں۔

ایس ایس پی نے کہا کہ جب پولیس کسی ملزم کو گرفتار کرتی ہے تو متاثرہ فریق ایف آئی آر درج کرانے، شناخت کرنے اور گواہی دینے سے گریز کرتا ہے، جس سے پولیس کو مشکلات پیش آتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ رتوڈیرو، شکارپور اور جیکب آباد کے بارڈر کا علاقہ ہونے کی وجہ سے شکارپور اور جیکب آباد کے جرائم پیشہ افراد رتودیر اور رتوڈیرو کے جرائم پیشہ افراد شکارپور و جیکب آباد میں فرار ہو جاتے ہیں، جس پر قابو پانے کے لیے لاڑکانہ پولیس نے رتوڈیرو میں 15 سینٹرز قائم کردیا ہے، اب وہاں بھتہ خوری کی کوئی شکایت نہیں ہے اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہوچکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رتوڈیرو میں ہندو برادری کے افراد نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کروائیں، جن پر پولیس نے کارروائی بھی کی۔ایس ایس پی نے مزید کہا کہ نوجوان مزمل کلہوڑو کے قتل کے کیس میں ورثاء نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ معاملہ پلاٹ کے تنازعہ کا تھا، جس پر مسلح افراد نے مزمل کو قتل کیا، اس کیس کا مرکزی ملزم جلد گرفتار کیا جائے گا، یہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں بلکہ پلاٹ کے تنازعہ کا نتیجہ تھا، جسے سوشل میڈیا پر غلط رنگ دیا گیا۔