وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مستونگ میں تحصیل آفس، بینک اور دیگر عمارات پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت

منگل 1 جولائی 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں تحصیل آفس، بینک اور دیگر عمارات پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے ''فتنہ الہندوستان'' کی کارستانی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام اور ریاستی ادارے مل کر اس سازش کو ناکام بنائیں گے ۔ منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور مؤثر ردعمل نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں اب کسی بھی دہشت گرد، سہولت کار یا بیرونی ایجنڈے کے حامل عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں ۔سیکیورٹی ادارے مکمل اختیارات کے ساتھ کارروائی جاری رکھیں گے اور حملہ آوروں سمیت ان کے پشت پناہوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی ۔

بلوچستان کے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے بلکہ ہم پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں گے ۔وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی اور بلوچستان میں امن و استحکام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔