مستحکم اور متحد شام کی حمایت کرتے ہیں،امریکا

بدھ 2 جولائی 2025 10:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) امریکا نے کہا ہے کہ وہ ایک مستحکم اور متحد شام کی حمایت کرتا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ شام پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر کے تحت امریکا ایک مستحکم، متحد اور اپنے آپ میں اور اپنے ہمسایوں کے ساتھ پُر امن شام کی حمایت کے لئے اضافی اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیاں اب شام کے مستقبل کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہوں گی۔ ہم شامی عوام کو ایک حقیقی موقع دینا چاہتے ہیں تاکہ وہ تنازع اور انتہا پسندی سے دور ہو کر ایک خوش حال مستقبل تعمیر کر سکیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئےجس کے ذریعے شام پر عائد امریکی پابندیوں کا قانونی ڈھانچہ ختم کر دیا گیا۔

یہ پیش رفت شام سے متعلق امریکی پالیسی میں ایک بڑے موڑ کے بعد سامنے آئی ہے، جس کا آغاز 13 مئی کو ٹرمپ کے اس اعلان سے ہوا تھا کہ وہ تمام پابندیاں ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، اور اس کے بعد ان کی شامی صدر احمد الشراع سے ملاقات بھی ہوئی۔ شام کے لئے امریکی خصوصی ایلچی تھامس باراک نے اس ایگزیکٹو آرڈر کو شامی معیشت کو دوبارہ فعال کرنے کےلئے ایک ہمہ گیر موقع قرار دیا۔ یہ ایگزیکٹو آرڈر امریکی متعلقہ اداروں کو ہدایت دیتا ہے کہ وہ شام سے متعلق چھوٹ، برآمدی ضوابط اور دیگر پابندیوں کے بارے میں اقدامات کریں۔